اسلام آباد( وقائع نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیر بخاری نے پرویز مشرف کے بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی کورٹ اپیل میں سماعت شروع ہوتے ہی مجرم بول پڑا ہے جس سے ثابت ہو گیا کہ پرویز مشرف ہی بی بی کے قاتل ہیں۔ قانون کے تحت قتل کی سزا موت ہے۔ انہوں نے کہا کہ10 سال بعد بے بنیاد الزامات اس وقت لگائے جا رہے ہیں جب بی۔بی شہید قتل کیس کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے۔ نیر بخاری نے مزید کہا کہ پرویز مشرف شامل تفتیش ہو کر وضاحت اور تحقیقاتی اداروں کو بیان ریکارڈ کرائیں ۔انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کے تمام قاتلوں اور قتل کی سازش میں شریک ایک ایک مجرم کو کٹہرے میں لاکر انصاف کے تقاضے پورے کرائینگے۔