• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک آزادی کشمیر کیلئے بھرپورکرداراداکیاجائے، فاروق حیدر

برمنگھم (ابرار مغل) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے اعزاز میں آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) مڈلینڈ نے استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ مڈلینڈز کے صدر راجہ امجد خان کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان نے مسلم لیگی رہنمائوں اور کارکنوں پر زور دیا کہ برطانیہ جیسے عالمی پلیٹ فورم پر تحریک آزادی کشمیر کے لئے بھرپور انداز میں کام کیا جائے۔ برطانیہ میں مثبت سرگرمیوں سے پاکستان کے وقار اور کشمیر کے تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے بھی کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے کارکن ہمارا اثاثہ ہونے کے ساتھ تحریک آزادی کشمیر کے داعی بھی ہیں جنہوں نے ہمیشہ بھارتی مظالم اور بربریت کو بے نقاب کرنے کے لئے برطانیہ بھر میں آواز بلند کی ہے، ہر موقع پر بھرپور انداز میں اجتماع کرکے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور بربریت کی جانب مبذول کرائی ہے اس استقبالیہ تقریب میں آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) مڈلینڈ کے مختلف رہنمائوں، عہدیداروں حاجی مشتاق مغل، سابق کونسلر محمد سعید، راجہ ثقلین خان، راجہ رفاقت، سلیم بٹ، چوہدری جبار، عمران چغتائی، محفوظ مغل، چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں، راجہ ظہور خان، چوہدری صغیر، چوہدری امجد اور دیگر اہم رہنمائوں نے شرکت کی، اس موقع پر راجہ امجد خان نے راجہ فاروق حیدر خان کی جانب سے اوورسیز کشمیری کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مختلف اقدامات اور اوورسیز سیل کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مڈلینڈ میں مسلم لیگ (ن) صحیح معنوں میں عوامی طاقت ہے جو مرکزی قیادت کی ہر کال پر لبیک کہنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ مختلف کارکنوں اور رہنمائوں نے درپیش مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ان کو یقین دلایا کہ وہ ہر ممکن کردار ادا کرکے ان مسائل کو حل کرنے کے ساتھ کارکنوں کی عزت نفس کو برقرار رکھنے کیلئے بھی اقدامات کریں گے۔
تازہ ترین