• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ لاہور میں، کر کٹ کراچی سے الگ،یہ نا انصافی ہے،گورنر سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاکہ کراچی نے گذشتہ 20؍ سال سے کراچی نے بہت غم اٹھائے ہیں، گزشتہ چار سال میں تمام لوگوں نے کراچی میں امن لانے میں مدد کی، خطے کے دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں کراچی زیادہ پر امن ہے، جب کراچی بے امنی کا شکار ہو تا ہے توپورا ملک مشکل میں آجاتا ہے، ریلی دنیا میں پیغام دیگی کہ پورا پاکستان پر امن ہے،شہر میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آرہی ہے،مسئلہ لاہور میں ہوا اور کر کٹ کراچی سے الگ ہو گیا جو بہت ناانصافی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مزار قائد پر پاکستان کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر امن کا پیغام دینے کیلئے منعقدہ پاکستان موٹر ریلی کے دوسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید، میئر کراچی وسیم اختر، متحدہ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران سمیت عمائدین شہر نے شرکت کی۔اس موقع پر فنکاروں نے ملی نغمے بھی پیش کیئے۔ مہمانوں نے تقریب سے قبل بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی۔ فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد زبیرنے کہا کہ بطور گورنر میری ذمہ داری ہے کہ کراچی کی معیشت بہتر بنانے کی کوشش کروں۔ گورنر نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے ،اس لیے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔ تمام مشکلات، دشواریوں اور دشمنوں کی سازشوں نے پاکستانی قوم کو متحد اور منظم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے قومی ایونٹس اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم نے اپنے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا ہے جبکہ میں اس موقع پر عالمی برادری کا بھی مشکور ہوں جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں آ ئی جی سندھ کی کوششوں کو بھی سراہنا پڑے گا۔ امن آگیا ہے تو ذمہ داری بڑھ گئی ہے اگر شہر کی معاشی ترقی کو بڑھانا ضروری ہے تو پرائیوٹ سیکٹر کو کراچی لیکر آنا ہوگا تاکہ معیشت مزید مضبوط ہو سکے۔ اس موقع پر انہوں نے ریلی کے منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو خنجراب سے شروع ہونے والی کار اینڈ بائیکس ریلی 29 اکتوبر کو کراچی پہنچے گی۔ ریلی میں 300 جیپس اور 150 موٹر سائیکلسٹ شریک ہوں گے جو 3000 کلومیٹر کا سفر طے کریں گے۔ ریلی گوادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔
تازہ ترین