• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کلبھوشن معاملے پر آج عالمی عدالت انصاف میں جواب جمع کرائے گا

برسلز،اسلام آباد (حافظ انیب راشد،صباح نیوز )بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کیس میں پاکستان عالمی عدالت انصاف میں اپنا جواب آج داخل کروائے گا ۔جس کے جائزے کے بعد عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ پاکستانی موقف کو تسلیم کرتے ہوئے اس کیس کی مزید سماعت روک دی جائے یا پھر ہندوستان کو جواب الجواب کا موقع دیا جائے ۔ اس کیس کے حوالے سے پاکستان نے تصدق حسین جیلانی کو اپنا ایڈہاک جج مقرر کیا ہے جو آئندہ سماعت پر موجود ہونگے ۔ جبکہ اسی دوران پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بلوچستان سے پکڑے جانے والے ہندوستانی جاسوس کلبھوشن سے اس کی والدہ اور بیوی کی ملاقات کروانے پر بھی آمدگی ظاہر کردی ہے یاد رہے کہ ہندوستان کے 70 سالہ جسٹس دلو یر بھنڈاری عالمی عدالت انصاف کے مستقل جج ہیں جو گذشتہ ماہ ہی 193 میں سے 183ووٹ لیکر دوبارہ منتخب ہوئے ہیں ۔ ادھر ایک انٹرویو کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر تمام متعلقہ اداروں، وزارت خارجہ اور ہیگ میں پاکستان کے سفارتخانے نے مل کرجواب تیار کیا ہے جو آج (بدھ کو) عالمی عدالت انصاف میں جمع کرادیا جائے گا۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ جواب ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر کے ذریعہ جمع کرایا جائے گا، حکومت پاکستان کی طرف سے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف سارے معاملہ کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انھوں نے بتایاکہ پاکستان نے اپنے جواب میں بھارت کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن نے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، ایک دہشت گرد کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں نہیں چلایا جاسکتا، اسے پاکستان نے تمام عدالتی کارروائی اور اپنی صفائی کا بھرپورموقع دینے کے بعد سزا سنائی ہے، انسانی بنیادوں پر کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کرائی جا رہی ہے۔جواب میں کلبھوشن کے خلاف ثبوت اور تمام تر تفصیلات شامل کی گئی ہیں اور پورے عدالتی طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا ہے جس کے تحت اسے سزا سنائی گئی۔
تازہ ترین