• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کے القدس ملین مارچ کے سلسلے میں اہم مقامات پر کیمپ قائم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت اتوار17دسمبر کو نیپا چورنگی تا حسن اسکوائر تک ہوے والے ’’القدس ملین مارچ ‘‘ کے سلسلے میں شہر بھر میں اہم شاہرائوں و چورنگیوں اور اہم پبلک مقامات پر کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حسن اسکوائر پر قائم کیے گئے مرکزی کیمپ کا افتتاح کیا اور جماعت اسلامی کے کارکنوں اور میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کراچی کی ماؤں ، بہنوں ، مزدوروں ، طلباء ، علماء کرا م سے اپیل کرتا ہوں کہ بیت المقدس کا تحفظ کرنے والوں میں شامل ہونے کے لیے 17دسمبر کے ’’القدس ملین مارچ ‘‘ میں ایمانی جذبے سے سرشار ہوکر شرکت کریں اور اسرائیل کو یہ پیغا م دیں کہ ہم حماس اور غزہ کے مجاہدین کے ساتھ ہیں اور گریٹر اسرائیل منصوبے کا خواب کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے وفد کے ہمراہ وحدت ہائوس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی ودیگرسے ملاقات کر کے ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی، جسے ایم ڈبلیو ایم قبول کیااور وفد وکارکناں کے ہمراہ شرکت کی یقین دہانی کروائی۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سٹی کورٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کی افواج پر مشتمل فوجی اتحاد شیعہ سنی کی لڑائی کے بجائے اسرائیل کے خلاف ہونا چاہیے۔انہوں نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے رہنمائوں سے ملاقات کی اور انہیں اتوار کو ہونے والے ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔
تازہ ترین