• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابے نے ہر آمر کیلئے ڈنڈی ماری، قوم اس پر کیسے یقین کرے، پیپلز پارٹی

Todays Print

کراچی / لاہور (نیوز ایجنسیز) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ بابے نے ہر آمر کیلئے ڈنڈی ماری اور اس کے حق میں فیصلہ دیا ، بابا دباؤ میں رہا اور ضیاء مارشل لاء کو جائز اور مشرف کے اقدام کو تحفظ دیا ، قوم اس بابے پر کیسے یقین کرے جبکہ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ (ن) لیگ والے دھول اڑائو پالیسی کے ذریعے جو مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ اس میں ناکام رہیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پیپلزپارٹی چوہدری منظورنے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بابا خود ہی بتائے کہ عوام بابے کے فیصلوں پر کیا فیصلہ کریں، لوگ چیف جسٹس کی بات درست مان کر کیسے یقین کریں کہ سپریم کورٹ کا بابا سب کے ساتھ انصاف کرتا ہے، بابے نے مولوی تمیزالدین کیس سے لے کراب تک ہر طاقتور اور آمر کے حق میں فیصلے کئے۔ ترجمان پی پی پی نے مزید کہا کہ اس بابے نے نصرت بھٹو کیس میں ڈنڈی ماری، ضیاء الحق کے مارشل لاء کو جائز قرار دیا، اس بابے نے اسمبلیاں ٹوٹنے پر بھی بینظیر بھٹو اور نواز شریف میں امتیاز برتا اور ڈنڈی ماری، بابے نے بعد میں خود تسلیم کیا کہ دباؤ میں آکر بھٹو کو پھانسی چڑھانے کا فیصلہ دیا، بابا آمروں کے دباؤ میں رہا، اس نے تو نواز شریف کے کہنے پر بینظیر بھٹو کو سزا سنائی، بابے نے ظفر علی شاہ کیس میں ڈنڈی ماری، مشرف کے مارشل لاء کو تحفظ دیا، بابے نے آمر مشرف کو آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا وہ اختیار بھی دیا جو اس نے مانگا ہی نہیں تھا۔ذوالفقارعلی بھٹو کیس میں ڈنڈی ماری اور پہلے منتخب وزیراعظم کا عدالتی قتل کیا ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بابے کے پانچ بیٹوں نے کہا کہ حدیبیہ ریفرنس کھولا جائے، تین نے کہا مقدمہ نہیں کھولنا، بابے نے مدت کی پابندی کو نظر انداز کرکے9؍ سال بعد نوازشریف کی اپیل سنی اور منظور کی، اب مدت کی پابندی کی بنیاد پر اسی بابے نے حدیبیہ ریفرنس کھولنے سے انکار کرکے شریف خاندان کے حق میں ڈنڈی ماری۔ ادھر ایک انٹرویو میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ (ن) لیگ والے دھول اڑائو پالیسی کے ذریعے جو مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ اس میں ناکام رہیں گے ، نواز شریف خود پائوں پر کلہاڑی مارنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ،پیپلز پارٹی کے متحرک ہونے کے بعد مخالفین کی صفوںمیں ہلچل مچی ہوئی ہے جو واضح نظر آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری (ن) لیگ کنفیوژن کا شکار ہے ۔ اسپیکر کہتے ہیں کہ نظام کو خطرہ ہے وزیر اعظم کہتے ہیں سب اچھا ہے ۔اسپیکر کو اپنے بیان کی ایوان کے اندر وضاحت کرنی چاہیے ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ کبھی کبھی پہلوان کیلئے زیادہ زور لگانا بھی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے ۔ نواز شریف خود پائوں پر کلہاڑی مارنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ موجودہ حالات میں دھول اڑائوپالیسی کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جا سکتی کیونکہ آپ کی عجب داستانیں پوری قوم کے سامنے اور زبان زد عام ہیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابی میدان میں اترے گی اور بھرپور مقابلہ کرے گی اور کسی کے لئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔

تازہ ترین