• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنعتکارسندھ میں نئی انڈسٹریز رجسٹرڈ کرانے کے پابند ہونگے،منظوروسان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر صنعت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ سندھ میں صنعتوں کی رجسٹریشن 27 سال سے بند تھی، جن کو اب رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے سندھ سیکریٹریٹ میں سندھ انڈسٹریز رجسٹریشن ایکٹ 2107 کے متعلق بلائے گئے اجلاس میں کی۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے صنعتکار اپنی انڈ سٹریز محکمہ صنعت سے رجسٹریشن کروائیں گے،گزشتہ روز سندھ کابینہ کے اجلاس میں صنعتوں کی رجسٹریشن کرنے کے متعلق بات چیت ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار سندھ بھر میں نئی لگنے والی صنعتیں محکمہ صنعت سے رجسٹریشن کروانے کے پابند ہونگے۔ سندھ حکومت ایک اچھا کام کرنے جارہی ہے،جس پر صنعتکاروں کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔نئے ایکٹ کے تحت صنعتکار گندے پانی کو صاف کرنے کے (ایفیولینٹ ٹریٹمینٹ ) پلانٹ لگانے کے بھی پابند ہونگے۔ سندھ کے علاقوں کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص اور نوابشاہ میں قائم انڈسٹریز لوگوں کو سندھ کے ڈومیسائل پر نوکریاں دینے کہ پابند ہونگی۔جو صنعتکار اپنی اپنی انڈسٹری رجسٹرڈ نہیں کروائے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قائم انڈسٹریز کو مقامی لوگو ں کے لیے ہر سال نوکریاں پیدا کرنی ہونگی۔اب کوئی بھی انڈسٹری دیگر صوبوں کے لوگوں کو یہاں نوکری نہیں دے گی۔ اجلاس میں کچھ افسران نے شکایت کی کہ کچھ صنعتکار یہاں کے لوگوں کو رکھنے کے بجائے دوسرے صوبوں کے لوگوں کو نوکریوں پر رکھتے ہیں۔ منظور وسان نے کہا کہ اگر کوئی انڈسٹری عمل نہیں کرے گی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین