• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے ہٹ دھرمی دکھائی تو انارکی پھیلے گی ،پیپلزپارٹی

اسلام آباد(ایجنسیاں) پیپلزپارٹی نےسپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے کے بعد اپنے ردعمل میں کیا نوازشریف نے ہٹ دھرمی دکھائی تو انارکی پھیلے گی، عدلیہ کے فیصلے کو پارلیمنٹ کی طاقت کے ذریعے روکا جائیگا تو افراتفری پھیلے گی، بینظیرکیخلاف سازشیں کرنیوالوں سے قدرت حساب لے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی پارلیمنٹیر ینزکے صدر آصف علی زرداری نے زرداری ہائوس میں پیپلزپارٹی ضلع اسلام آباد اور ذیلی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے جن عناصر نے بینظیر بھٹو شہید کیخلاف سازشیں کیں قدرت ان سے حساب لے رہی ہے۔ آصف زرداری نے کہا پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ایسے امیدواروں کو ٹکٹ دینگے جنہیں کارکنوں کا اعتماد حاصل ہو اور کارکنوں کے فیصلے پر ہی پارٹی ٹکٹ دئیے جائینگے۔علاوہ ازیں سکھر میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے پر اگر میاں نواز شریف نے ہٹ دھرمی دکھائی تو ملک میں انارکی پھیلے گی، اسکے نتائج ملک و قوم کیلئے اچھے نہیں ہونگے اور خطرناک ہونگے، ابھی تو نواز شریف پر کرپشن کے جو کیسز چل رہے ہیں ان کا فیصلہ آنا باقی ہے، نواز شریف کی جگہ ان کی بیٹی سیاست کریگی۔ میری نظر میں اب ن لیگ کی سربراہ مریم نواز ہوں گی۔ سینیٹ انتخابات میں نامزدگی فارم کیلئے تاریخ آگے بڑھائی جاسکتی ہے، اگر ایک صوبے کو نکال کر سینیٹ انتخابات کرائے گئے تو وہ چیلنج ہوسکتے ہیں۔ نواز شریف پر جو کیسز چل رہے تھے ہر آدمی سمجھتا تھا کہ وہ نااہل ہوجائینگے۔ شادیوں پر 62اور63 نہیں لگنا چاہیے، بہت سے لوگ چھپ کر بھی شادیاں کرتے ہیں، یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے۔شہبا زشریف کسی بھی صورت نواز شریف سے ٹکراؤ نہیں کریں گے، دونوں بھائیوں میں محبت ہے اس میں کوئی شک نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عدلیہ کے فیصلے کو پارلیمنٹ کی طاقت کے ذریعے روکا جائیگا تو افراتفری پھیلے گی، میاں ساحب کو جمہوریت اور وفاق سے کوئی دلچسپی نہیں، انہیں بس اپنی شخصیت سے دلچسپی ہے، میاں صاحب اداروں کے خلاف تصادم کی روایت ڈال رہے ہیں، اکثریت میں ہونے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی اور جماعت نے اداروں کے فیصلوں کو نہیں روکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کی جانب سے میاں محمد نواز شریف کو نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے کے بعد اپنے ردعمل میں کیا۔
تازہ ترین