• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا جماعت اسلامی سے آئندہ انتخابی وحکومتی اتحاد نہ کرنے کا اعلان

پشاور(نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا کی حکمران جماعتوں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے مابین اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں، تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کو آستین کا سانپ قرار دیتے ہوئے آئندہ کسی قسم کا انتخابی یا حکومتی اتحاد نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے اور موقف اپنایا ہے کہ جماعت اسلامی کا ہمیشہ سے وطیرہ رہا ہے کہ اتحادیوں سے فائدہ اٹھانے کے بعد راستہ بیچ راستہ میں ہی چھوڑ دیتی ہے جبکہ جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے زیادہ جذباتی نہ بنے ان کی حکومت جماعت اسلامی کی وجہ سے ہی صوبہ میں پانچ سال پورے کررہی ہے۔ خیبر پختونخوا کی حکمران جماعتوں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے مابین گزشتہ کئی ماہ سے جاری سرد جنگ کے بعد اب اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں اور دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کیخلاف شدید بیان بازی شروع کردی ہے ، جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ روز خطاب میں تحریک انصاف حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبہ کا بیڑا غرق کردیا ہے جس پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیر اعلیٰ کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہاکہ جماعت اسلامی نے بڑی بڑی وزارتیں لے کر پانچ سال تک حکومت کے مزے لوٹے اب پانچ سال بعد جماعت اسلامی کو صوبہ اور تحریک انصاف کی حکومت میں کیڑے نظر آرہے ہیں، انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی آستین کا سانپ ہے جس کا ہمیشہ یہ وطیرہ رہا ہے کہ فائدہ لیکر اتحادی کو بیچ راستہ میںچھوڑ دیتی ہے، انہوں نے کہاکہ سراج الحق سادہ نہ بنیں ، خیبر پختونخوا حکومت اچھی تھی یا بری جماعت اسلامی پانچ سال تک اس کا حصہ رہی ، انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مذہب کے نام پر سیاست کرتی ہے اور اس کے جھوٹ کی یہ حالت ہے کہ سراج الحق ہماری وجہ سے سینیٹر بنے ہیں مگر آج ہم پر ہی کیچڑ اچھال رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں جماعت اسلامی کا صفایا ہوچکا ہے سراج الحق اور جماعتی رہنما بیان بازی کرکے اب جماعت اسلامی میں جان نہیں ڈال سکتے، دوسری جانب سے جماعت اسلامی کے مرکزی ترجمان امیر العظیم نے کہا ہے کہ شوکت یوسفزئی زیادہ جذباتی اور ناقابل فہم گفتگو کررہے ہیں، سینیٹر سراج الحق نے خود احتسابی کی بات کی جو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی وجہ سے تحریک انصاف کی حکومت پانچ سال پورے کررہی ہے، جماعت اسلامی کے وزراء کی کارکردگی کے معترف تحریک انصاف کے رہنما اور صوبہ کے عوام ہیں جبکہ چیف سیکرٹری کی طرف سے سینئر وزیر عنایت اللہ کو بہترین کارکردگی پر سند اس چیز کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
تازہ ترین