• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں کی انتقامی پالیسی سے معاشی عدم استحکام پیدا ہوا‘نیشنل پارٹی

کوئٹہ (این این آئی)نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان علی احمد لانگو نے کہا ہے کہ ملک میں پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے فروغ کے لئے سیاسی و سماجی بیگانگی کے خاتمے کو شعوری سیاست سے ہی ممکن بنایا جاسکتا ہے آج ملک سنگین اقتصادی بحران، ناقص خارجہ پالیسی اور بیڈ گورنس کا شکار ہے ۔سلیکٹڈ حکومت کی سیاسی انتقام کی پالیسی نے ملک میں سیاسی انتشار و انارکی و معاشی عدم استحکام کی کیفیت قائم کی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خالق آباد میں پارٹی کے مرکزی کونسلر میر سعادت لانگو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قلات عوامی قوت کے حوالے سے پارٹی کا گڑھ رہا ،پارٹی کے اکابرین میر عبدالخالق لانگو اور حاجی عبداللہ جان محمد شہی نے پارٹی کو منظم و متحرک رکھا اور عوامی پذیرائی کو ممکن بنایا ۔انہوں نے کہا کہ آج پارٹی کے ورکرز کو اپنے اکابرین کے سیاسی فکروفلسفے کو آگے بڑھانے کے لئے تنظیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ہوگا۔قومی تعمیر و ترقی کے لئے سیاسی عمل ناگزیر ہے بلوچ قوم کو سماجی و طبقاتی شکنجے سیاسی جماعت ہی نکال سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عملاً سول مارشل لاء ہے ،حکومت نے عوام کی کمر توڑ دی ،عوام کو مہنگائی بے روزگاری سمیت دیگر عذاب عمرانی میں مبتلا کیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا استحکام اور سیاسی عمل ہی ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کا ضامن ہوتا ہے نیشنل پارٹی حقیقی جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

تازہ ترین