• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسان مانی کی دبئی میں ملاقاتیں، پی سی بی سری لنکن اور بنگلہ دیش ٹیموں کی آمد کیلئے پُرامید

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی قومی ٹیم سمیت تین ٹیموں کے دورہ پاکستان کو ممکن بنانے کے لئے سیکیورٹی وفد کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفد جمعرات کو کراچی پہنچ رہا ہے۔ فروری میں پاکستان سپر لیگ کے دوران بنگلہ دیشی سیکیورٹی چیف کراچی آچکے ہیں انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم میں میچ بھی دیکھے تھے۔ توقع ہے کہ اس کی رپورٹ پر بنگلہ دیش کی تینوں ٹیمیں پروگرام کے مطابق پاکستان آئیں گی۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں سیکیورٹی بریفنگ کے بعد بنگلہ دیشی سیکیورٹی ٹیم لاہور اور اسلام آباد بھی جائے گی۔ پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے دبئی میں بنگلہ دیش اور سری لنکا بورڈ کے حکام سے بھی بات چیت کی ہے۔ پی سی بی پر امید ہے کہ سری لنکا کی ٹیم دسمبرمیں دو ٹیسٹ کھیلنے کے لئے پاکستان آئے گی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے قومی کرکٹ اکیڈمی آنے سے پی سی بی کا کیس مضبوط ہوا ہے۔ شاہی مہمان 45منٹ قومی اکیڈمی میں قیام کریں گے۔ انہیں کرکٹ کی نادر اشیاء دکھائی جائیں گی۔ کرکٹرز سے ملاقات کرائی جائے گی، وہ کرکٹ بھی کھیلیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ہمراہ غیر ملکی اور ملکی میڈیا کے مہمان ہوں گے ان کی فہرست بھی برطانوی ہائی کمیشن نے بنائی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان آئی سی سی میٹنگ میں شرکت کے بعد لاہور واپس پہنچ گئے ہیں انہوں نے شاہی مہمانوں کے دورے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی خواتین اور انڈر16کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے خدشات کو دور کرنے کے لئے بنگلہ دیش کا سیکورٹی وفد کراچی ،لاہور اور آخر میں اسلام آباد جائےگا۔ ویمن کرکٹ ٹیم کی آمد 23 جبکہ انڈر 16 ٹیم کی آمد 22 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ بنگلہ دیش بورڈ کے چیئرمین کرکٹ آپریشن اکرم خان کا کہنا ہے کہ ‏حکومت نے پاکستان کے دورے کے لئے گرین سگنل دینا ہے ۔ بنگلہ دیش نے بدھ تک وفدبھیجنے کی بات کی تھی ۔ پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں شاہی جوڑے کے دورے کے باعث پی سی بی نے سیکورٹی وفد کے دورے میں ردو بدل کےلئے کہا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر یہ دونوں دورے ہوگئے تو جنوری میں بنگلہ دیش کی سینئر ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ اس سے قبل2015میں بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم کراچی کا دورہ کر چکی ہے۔

تازہ ترین