• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوجائے گا،مرتضی وہاب

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات ، اینٹی کرپشن و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کے عوام دشمن اقدامات سے غریب کی کمر تو ٹوٹے گی ہی ساتھ ساتھ معیشت کا بھی بیڑا غرق ہونے کا اندیشہ ہے۔

ان باتوں کا اظہار صوبائی مشیر نے اپنے دفتر سے جاری بیان میں کیا۔ مرتضیٰ وہاب نےگیس کی قیمتوں میں اضافے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدام سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا اور پہلے سے غربت کی چکی میں پسنے والی پاکستانی عوام پر مزید بوجھ ڈالنا پی ٹی آئی حکومت کی عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سو دن میں تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے 30 دن میں ہی غریب دشمن اقدامات سے اپنی حقیقت عیاں کر دی۔ سندھ اور بلوچستان میں سی این جی قیمتوں میں اضافہ کر کے پی ٹی آئی سے سندھ دشمنی کا واضح ثبوت دیا۔ سی این جی میں اضافے سے عام آدمی بری طرح متاثر ہوگا، عمران خان نے غریب سے روٹی کے ساتھ ساتھ سستی سواری کا بھی حق چھین لیا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وزیر خزانہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسد عمر سے ہمیں عوام دشمن اقدامات کی توقع نہ تھی، ان کے اس اقدام سے ضروریات زندگی کی تمام اشیاء عوام کی پہنچ سے باہر ہوجائیں گی۔ معیشت اگر غریب سے زندگی کا حق چھیننے کا نام ہے تو ہمیں ایسی تبدیلی اور معیشت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ یکسر مسترد کرتے ہیں اور حکومت کو باور کراتے ہیں کہ عوام دشمن پالیسی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ایسے اقدامات جن سے غریب متاثر ہوگا اس کے خلاف پارلیمان کے اندر اور باہر کھل کر بولیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے اور سندھ و بلوچستان میں سی این جی قیمت میں بھی کمی لائے جاتے۔

تازہ ترین