جنوبی امریکا کے شمالی ساحل پر واقع ملک وینزویلا کی حکومت نے ملک میں بجلی کے شدید بحران کے باعث جمعہ کی چھٹی کا بھی اعلان کردیا ہے،اس سے قبل ہفتے اور اتوار کو تعطیل ہوا کرتی تھی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق وینزویلا میں پانی کی کمی کے باعث پیدا شدہ بحران سے بجلی کی پیداوار انتہائی کم رہ گئی ہے،جس کے بعد وینزویلا کے صدر نکولس میدورو نے سرکاری ٹی وی پراعلان کیا کہ بجلی بچانے کیلئے آئندہ 2 ماہ تک جمعہ کوسرکاری چھٹی ہوگی، اس طرح سرکاری دفاتر ہفتے میں تین روز بند رہیں گے۔
انہوںنے کہاکہ ملک کو 70 فیصد بجلی فراہم کرنے والے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم میں پانی کم ترین سطح تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث ملک کو بجلی کی پیداوار میں بحران کا سامنا ہے۔ جس پر قابو پانے کیلئے جمعہ کی چھٹی کا فیصلہ کیا گیا۔وینزویلین صدر نے حکم دیا کہ سرکاری طور پر چلنے والی انڈسٹریاں 20 فیصد تک بجلی کے استعمال میں کمی لائیں ۔
تاہم صدر نے رہائشی علاقوں میں بجلی کی بندش نہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔