• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی میڈیا کا چین کی ایران کو طیارہ شکن میزائل دینے کی تیاری کا دعویٰ، چین کی تردید

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکی انٹیلیجنس نے اشارہ دیا ہے کہ چین آئندہ چند ہفتوں میں ایران کو نئے فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے تاہم چین نے اس حوالے سے تردید کر دی ہے۔

امریکی میڈیا (سی این این) کے مطابق امریکی انٹیلیجنس نے اشارہ دیا ہے کہ چین نئے فضائی دفاعی نظام کی کھیپ تیسرے ممالک کے ذریعے بھیجنے پر کام کر رہا ہے، چین کندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے طیارہ شکن میزائل سسٹمز فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں موجود چینی سفارت خانے نے اس حوالے سے کہا ہے کہ چین نے کبھی بھی تنازع کے کسی فریق کو ہتھیار فراہم نہیں کیے، یہ زیرِ بحث معلومات درست نہیں ہیں۔

چینی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک ذمے دار بڑی ریاست کے طور پر چین مسلسل اپنی بین الاقوامی ذمے داریاں پوری کرتا ہے، ہم امریکی فریق پر زور دیتے ہیں کہ وہ بے بنیاد الزامات لگانے، بدنیتی پر مبنی روابط قائم کرنے اور سنسنی پھیلانے سے گریز کرے۔

چینی سفارت خانے کے مطابق ہم امید کرتے ہیں کہ متعلقہ فریق کشیدگی کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید