امریکا نے قطر اور دیگر غیر ملکی بینکوں میں موجود ایران کے منجمد اثاثے بحال کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
برطانوی خبر راساں ایجنسی نے ایک سینئر ایرانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی کو ایران نے واشنگٹن کے ساتھ جاری مذاکرات میں سنجیدگی کی علامت قرار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر ایرانی ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ پیش رفت اسلام آباد میں جاری مذاکرات کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔
ان کے مطابق اثاثوں کی بحالی کا براہِ راست تعلق آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ کی فراہمی سے ہے۔
اگرچہ ذرائع نے مجموعی رقم کی تفصیل فراہم نہیں کی، تاہم ایک دوسرے ایرانی ذرائع کے مطابق امریکا تقریباً 6 ارب ڈالرز مالیت کے ایرانی فنڈز جاری کرنے پر متفق ہوا ہے، جو قطر میں رکھے گئے تھے۔
تاحال امریکا کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ قطر کی وزارتِ خارجہ نے بھی فوری طور پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
2018ء میں منجمد کیے گئے یہ فنڈز 2023ء میں امریکا اور ایران کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت جاری کیے جانے تھے، تاہم 7 اکتوبر 2023ء کو اسرائیل پر حملوں کے بعد، جن کی ذمے داری ایرانی اتحادی فلسطینی گروپ حماس نے قبول کی، امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے ان فنڈز کو دوبارہ منجمد کر دیا تھا۔
اس وقت امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ایران کو یہ رقم فوری طور پر دستیاب نہیں ہو گی اور واشنگٹن اس اکاؤنٹ کو مکمل طور پر منجمد رکھنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
یہ فنڈز دراصل جنوبی کوریا کو ایرانی تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم پر مشتمل ہیں، جو 2018ء میں اس وقت روکی گئی جب اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرتے ہوئے جوہری معاہدہ ختم کر دیا تھا۔
ستمبر 2023ء میں دوحہ کی ثالثی میں ہونے والے امریکا ایران قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت یہ رقم قطری بینکوں میں منتقل کی گئی تھی، اس معاہدے کے تحت ایران میں قید 5 امریکی شہریوں کی رہائی کے بدلے 5 ایرانی قیدیوں کو امریکا میں رہا کیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق اس رقم کے استعمال کو انسانی ہمدردی کی بنیادوں تک محدود رکھا گیا تھا، جس کے تحت خوراک، ادویات، طبی آلات اور زرعی اشیاء کی فراہمی کے لیے امریکی محکمۂ خزانہ کی نگرانی میں ادائیگیاں کی جانی تھیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے ایرانی اثاثے غیر منجمد کرنے سے متعلق خبر کی تردید کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے ایران کے غیر ملکی بینکوں میں منجمد اثاثے بحال کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔