سوئزرلینڈ کی پولیس نے موساک فونسیکا سے ملنے والی خفیہ دستاویزات کے بعد یورپی فٹبال فیڈریشن کے دفاتر کی تلاشی لی ہے۔
پاناما کی ایک لا فرم موساک فونسیکا سے ملنے والی خفیہ دستاویزات میں یورپی فٹبال فیڈریشن کے سابق سیکریٹری جنرل گیانی انفانتینو کا نام سامنے آنے کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔
گیانی انفانتینو اس وقت فٹبال کے عالمی نگراں ادارے فیفا کے صدر ہیں۔ خفیہ دستاویزات میں فیفا کے ایک اور اہلکار جان پیڈرو ڈامینی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
گیانی انفانتینو نےکوئی غیر قانونی کام کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں پولیس کی مدد کر رہے ہیں۔
گیانی انفانتینوکے بارے میں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق جب وہ یورپی فٹبال فیڈریشن کے لیے کام کر رہے تھے تو 2006میں ٹی وی رائٹس کے دو کاروباری شخصیات کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے والوں میں شامل تھے۔