سانحہ ہوشاب ، بلوچستان ہائی کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا ، بلوچستان بار کونسل

October 19, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان بار کونسل نے سانحہ ہوشاب کے واقعہ کے سے متعلق چیف جسٹس بلوچستان نعیم اختر افغان اور جسٹس عبدالحمید بلوچ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار بلوچستان ہائیکورٹ کے جراءت مندانہ فیصلے سے عدل کے وقار میں اضافہ ہوگا ۔بیان میں کہا کہ بلوچستان میں آئے روز فور سز کے ہاتھوں پر تشدد واقعات سے عوام پریشان حال ہیں، بلوچستان خصوصا مکران میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات سے عوام سراپہ احتجاج ہیں۔ فورسز کا کام لوگوں کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہے لیکن بلوچستان میں آئے روز لوگوں کی عزت و نفس کو مجروح کیا جاتا ہے۔ بیان میں کہا کہ بلوچستان میں ماورائے آئین و قانون قتل و غارت کا سلسلہ جاری ہے ۔سانحہ ہوشاب اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ بیان میں کہا کہ بلوچستان میں حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ بلوچستان حکومت لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے حالیہ فیصلہ کا بلوچستان کے وکلاء اور عوام خیر مقدم کرتے ہیں ،بیان میں کہا کہ اس سانحہ کی درست تفتیش کی جائے ۔سانحہ میں ملوث جو بھی ذمہ دار ہے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ بیان میں مطالبہ کیا کہ حکومت لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔