منشیات کیس: این سی بی نے شاہ رخ خان کے گھر چھاپہ مارنے کی خبر کی تردید کردی

October 21, 2021

نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) کے حکام کا کہنا ہے کہ ایجنسی کی جانب سے شاہ رخ خا ن کے گھر کی تلاشی کے لیے چھاپہ نہیں مارا گیا ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ، این سی بی حکام کا کہنا ہے کہ وہ شاہ رخ خان کی ان کے بیٹے سے جیل میں ملاقات کے بعد ان کےگھر صرف کچھ کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے لیے گئے تھے۔

حکام نے بتایا کہ این سی بی کی ایک ٹیم نے کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے لیے شاہ رخ کے گھر ’منّت‘ کا دورہ کیا نا کہ کسی قسم کی تلاشی لینے کے لیے چھاپہ مارا ہے۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس دوران ایجنسی کی ایک اور ٹیم نےاس کیس میں مزید تحقیقات کے لیے اداکارہ اننیا پانڈے کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے ۔

واضح رہے کہ ممبئی کروز شِپ کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں 26 اکتوبر بروز منگل کو سماعت ہوگی۔

ممبئی کی عدالت کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت چار بار مسترد کی گئی ہے اور اسی وجہ سے اب اُن کے وکیل نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

گزشتہ روز ممبئی کی خصوصی عدالت کی جانب سے آریان خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے بعد شاہ رخ خان نے آج صبح آرتھر روڈ جیل میں اپنے بیٹے سے ملاقات کی۔