• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں گزشتہ کئی دنوں سے گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان جس جیل میں قید ہیں وہ ممبئی کی سینٹرل جیل ہے۔

 ممبئی کی سب سے بڑی جیلوں میں سے ایک ہونے کی وجہ سے یہ شہر کی قدیم ترین جیل بھی مانی جاتی ہے۔

1926 میں تعمیر کی گئی اس جیل کے اندر 20 بیرک اور سیل ہیں۔ 2 اعشاریہ 83 ایکڑ پر مشتمل جیل کمپاؤنڈ میں 2 ہزار 680 قیدی ہیں۔ مبینہ طور پر  اس جیل میں صرف 800 قیدیوں کے رہنے کی گنجائش ہے۔

 جیل کی دیواروں کے اندرونی حالات کافی حد تک خوفناک ہیں۔ بیت الخلاء گندے، بدبودار اور کھلے ہیں، صرف یہی نہیں بلکہ جیل میں وہی پانی پینے کے لیے استعمال ہوتا ہے جو بیت الخلا میں نہانے اور کپڑے دھونے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جیل میں مناسب طبی سہولیات نہیں ہیں۔

گزشتہ روز آریان خان نے 12 روز بعد والدین سے ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے بے اختیار رو دیے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اور گوری سے 10 منٹ کی ویڈیو کال کی۔

آریان  نے جیل انتظامیہ کو گفتگو کے لیے اپنی والدہ کا نمبر دیا تھا، جیل حکام نے گوری اور شاہ رخ سے ان کے بیٹے کی ویڈیو کال پر بات کرائی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ 10 منٹ کی ویڈیو کال کے دوران آریان والدین کو دیکھ کر بےاختیار روتے بھی رہے۔

خیال رہے کہ کووڈ 19 پروٹوکول کے مطابق جیل کے اندر ہر قیدی کو اپنی فیملی سے ہفتے میں دو بار ویڈیو کال کے ذریعے بات کرنے کی اجازت ہے۔

یاد رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو( این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

عدالت نے آریان خان کو 20 اکتوبر تک جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا ہے۔

تازہ ترین