بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں قید کے دوران والد شاہ رخ خان اور والدہ گوری سے ویڈیو کال کے ذریعے بات کی ہے۔
کوویڈ 19 پروٹوکول کے مطابق جیل کے اندر ہر قیدی کو اپنی فیملی سے ہفتے میں دو بار ویڈیو کال کے ذریعے بات کرنے کی اجازت ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیل سے آریان خان کو موبائل فون فراہم کیا گیا جہاں سے ویڈیو کال کی گئی۔
آریان سے اُن کے والدین شاہ رخ خان اور گوری خان نے تفصیل سے بات کی اور جیل میں حالاتِ زندگی سے متعلق دریافت کیا۔
خیال رہے کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ایک کروز جہاز پر ہائی پروفائل چھاپوں کے بعد گرفتار کیا تھا۔
ممبئی کی خصوصی عدالت میں گزشتہ روز آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جج نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
جج نےکہا کہ فیصلے 20 اکتوبر کو سنایاجائے گا تب تک آریان خان جیل میں رہیں گے۔
آریان خان 3 اکتوبر سے پولیس کی حراست میں ہیں،ان پر ممبئی کے کروز شپ تک ممنوعہ منشیات لے جانے کا الزام لگایا گیا ہے۔
اس مقدمے میں 20 کے قریب افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آریان خان پر منشیات سے متعلق سنگین الزامات لگائے ہیں۔
ممبئی کی عدالت کی طرف سے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ ہونے اور آرتھر جیل منتقلی کے بعد آریان خان کو قیدی نمبر مل گیا۔
منشیات کیس میں 3 اکتوبر کو حراست میں لیے گئے آریان خان کو آرتھر جیل ممبئی میں قیدی نمبر N956 مل گیا ہے۔