ایچ سولہ میں ڈمپنگ سائٹ کی تجرباتی کامیابی ، آئی بارہ میں ترقیاتی کام جلد شروع ہونیکا امکان

October 23, 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) اسلام آباد کے سیکٹر ایچ سولہ میں ڈمپنگ سائٹ کی تجرباتی کامیابی کے بعد آئی بارہ میں ترقیاتی کام جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔ آئی بارہ کے ترقیاتی کاموں میں سب سے بڑی رکاوٹ وہاں پر قائم عارضی ڈمپنگ سائٹ تھی، سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق ان ترقیاتی کاموں کو جلدی شروع کروانے اور اسلام آباد کے شہریوں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے اور صحت مند ماحول مہیا کرنے کیلئے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ سولہ میں مخصوص عارضی جگہ کا انتخاب کیا گیا تھا جہاں عارضی ڈمپنگ سائٹ بنائی گئی جسکا ٹیسٹ رن گزشتہ روزکامیابی سے مکمل کیا گیا اور روڈ پلان کو قابل عمل پایا گیا، علاوہ ازیں اندرونی ماحولیاتی اسیسمنٹ ای پی اے کو جمع کروانے کے بعد اس ڈمپنگ سائٹ کو سو فیصد آپریشنل کردیا جائے گاجب تک مندرہ کے مقام پر مستقل ڈمپنگ سائٹ قائم نہیں ہوجاتی۔ مزید برآں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس ڈمپنگ سائٹ کے اطراف کسی بھی قسم کی رہائشی اور کمرشل تعمیرات کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔