آریان خان جیل میں کونسی کتابوں کا مطالعہ کررہے ہیں؟

October 23, 2021

بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کے صاحبزادے آریان خان جیل میں کن کتابوں کا مطالعہ کررہے ہیں؟

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آریان خان ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں فارغ اوقات میں کتابوں کا مطالعہ کررہے ہیں، جس میں مذہب سے متعلق کتاب بھی شامل ہے۔

میڈیا رپورٹ میں جیل حکام کے حوالے سے کہا گیا کہ آریان خان نے جیل لائبریری سے دو کتابوں کا اجرا کروایا ہے، جو آج کل اُن کے زیرِ مطالعہ ہیں۔

جیل حکام نے مزید کہا کہ آریان خان نے جو دو کتابیں اپنے نام ایشو کروائی ہیں، اُن میں ایک ’گولڈن لائن‘ (Golden Lion) اور دوسری کتاب ’رام اور سیتا‘ سے متعلقہ کہانیوں پر مبنی ہے۔

جیل حکام نے یہ بھی بتایا کہ آریان خان اپنی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد پریشان تھے، ایسے میں انہیں کتابوں کے مطالعے کی تجویز دی گئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ جیل لائبریری میں مذہبی اور موٹیویشنل کتابیں موجود ہیں، جنہیں انڈر ٹرائل قیدی پڑھ سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے بدھ کو درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد جمعرات کو اپنے بیٹے آریان سے جیل میں ملاقات کی تھی۔

بالی ووڈ کے کنگ خان نے اس دوران 18 منٹ تک اپنے بیٹے سے بات چیت کی، ذرائع کے مطابق اس دوران آریان خان جذباتی ہوگئے تھے کیونکہ گرفتاری کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب آریان اپنے خاندان کے کسی فرد سے ملے تھے۔

آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 3 اکتوبر کو کروز شپ پر چھاپے کے دوران حراست میں لیا تھا۔