پاکستان کی تاریخ کے پہلے 400میگاواٹ گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کے لئے معاہدہ

October 24, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ میں پاکستان کی تاریخ کے پہلے 400میگاواٹ گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کے لئے ہفتے کو برطانوی کمپنی اوریکل پاور اور پاور چائنا انٹرنیشنل کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی یہ تقریب محکمۂ توانائی سندھ کے دفتر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ ، چین کے کراچی میں قونصل جنرل مسٹر لی بائیجیان ، سیکریٹری توانائی سندھ ابوبکر احمد ،پاور چائنا انٹرنیشنل اور اوریکل پاور کے افسران بھی موجود تھے۔ مفاہمت کی یادداشت پر اوریکل پاور کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر ناہید میمن اور پاور چائنا انٹر نیشنل کے پاکستان میں سربراہ یانگ جیان ڈو نے دستخط کئے۔معاہدے کے مطابق ہوا اور سورج کی روشنی سے چلنے والے 400 میگاواٹ گنجائش کے پاور پلانٹ سے ایک لاکھ پچاس ہزار کلو گرام گرین ہائیڈروجن روزانہ پیدا ہوسکے گی۔اس موقع پر وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہمیشہ جدید سائنسی اور ترقی پسندانہ منصوبوں میں پہل کرنے کے ریکارڈ کا حامل صوبہ ہے۔اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت دنیا بھر میں گرین ہائیڈروجن کے 350 سے زائد منصوبے ترقی کے مراحل میں ہیں جن کا مقصد ٹرانسپورٹ، صنعتوں اور ہوا بازی کے شعبوں کو ڈی کاربو نائز کرنا ہے۔