بھارت کیخلاف تاریخی فتح پر وزیراعلیٰ سندھ کی قوم کو مبارکباد

October 24, 2021

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے بھارت کے خلاف قومی ٹیم کی جیت پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔

دبئی میں ورلڈ کپ ٹی20 کے میچ میں بھارت کیخلاف گرین شرٹس نے 10 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی ہے۔

اس موقع پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارت کے خلاف جیت پر قوم کو مبارک باد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، کورونا وائرس کی پریشانیوں کے بعد آج قوم کو بڑی خوشخبری ملی ہے۔

ادھر ایک بیان میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے آج عوام کے دل جیت لئے، تمام ٹیم سمیت پوری قوم کو جیت مبارک ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے آج بہت اچھے کھیل سے جیت اپنے نام کی، دعا ہے ورلڈ کپ کے باقی میچوں میں بھی ہماری ٹیم اچھی کارکردگی سے فتح حاصل کرے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم سمیت پوری قوم کو ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جیت مبارک ہو۔