بھارت کو شکست: کشمیری شہری نے ٹی وی چُوم لیا

October 25, 2021

پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی تاریخی شکست پر ملک بھر میں ہر عُمر کے افراد بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ جشن مناتے ہوئے نظر آرہے ہیں، کسی نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا تو وہیں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

بھارت کی شکست پر جہاں پاکستانی عوام خوش ہے تو وہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھی خوشی کی انتہا نہیں ہے۔

پاکستان کی تاریخی فتح پر مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ شب سے جشن منا رہے ہیں جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

ایسے میں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کشمیر اردو اکاؤنٹ کی جانب سے کشمیری شہری کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص ٹی وی اسکرین کے سامنے کھڑا ہوا ہے اور جیسے ہی سامنے کپتان بابر اعظم آتے ہیں تو وہ شخص خوشی سے ٹی وی اسکرین کو چُومنے لگتا ہے۔

کشمیری شخص کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا کہ ’بھارت میں ٹی وی توڑے جا رہے ہیں مگر کشمیر میں لوگ پاکستان کی جیت کی خوشی میں اپنے ٹی وی چوم رہے ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان بابراعظم کے بلے نے بھی رنز اگلے اور انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب بہترین بولنگ پرفارمنس پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔