سینے کے سرطان سے آگاہی، سی ویو پر سائیکل ریلی کا انعقاد

October 26, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پنک پاکستان ٹرسٹ کے تحت سینے کے سرطان سے آگاہی کے لیے سی ویو پر سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنک پاکستان ٹرسٹ کی بانی و صدر ڈاکٹر زبیدہ قاضی، ریڈیالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان، CMK، پی ای سی ایچ ایس رائیڈرز کے علاوہ دیگر سائیکل گروپس بھی شامل تھے، ریلی میں شامل مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کاکہنا تھا کہ بریسٹ کینسر آگاہی پروگرامز کی ضرورت پورا سال رہتی ہے اور اطمینان کی بات یہ ہےکہ پنک پاکستان ٹرسٹ کی سرگرمیاں پورا سال ہی جاری رہتی ہیں، اس موقع پر پنک پاکستان ٹرسٹ کی بانی و صدر ڈاکٹر زبیدہ قاضی نے ایک سوال کےجواب میں بتایا کہ خدانخواستہ کوئی عورت سینے کے سرطان میں مبتلا ہوجائے تو اس کے لئے مسائل کالامتناہی سلسلہ شروع ہوجاتاہے، یہ ہمارےمعاشرے کا المیہ ہے کہ تنگ نظری اور عورت کو سات پردوں میں رکھنے والے مرد حضرات اپنے خاندان کی بریسٹ کینسر میں مبتلا خواتین کو مرد ڈاکٹرز کے پاس لے جانے سے گریز کرتے ہیں، اسی طرح فطری شرم و حیا کے باعث عورتیں خود بھی اپنی بیماری کے بارے میں کسی سے کچھ شیئر نہیں کرتیں جس کے سبب وہ اکثر موت کےدہانے تک پہنچ جاتی ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارا معاشرہ، بریسٹ کینسر کو بطور مرض قبول کرے تاکہ کوئی بھی عورت بلا جھجک ڈاکٹر سے رجوع کرکے اسے اپنی تکلیف بتا سکے، گزشتہ سال کی انٹرنیشنل ریسرچ کے مطابق پاکستان میں بریسٹ کینسر کے 1.38ملین کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 0.458ملین خواتین، اس موذی مرض کے ہاتھوں اپنی زندگی کی بازی ہار گئیں۔