اقوام متحدہ اور یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کردار ادا کریں، علی رضا سید

October 27, 2021

برسلز (نمائندہ جنگ) کشمیرکونسل ای یو نے جمعرات 28 اکتوبر کو برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ واضح رہے کہ صدرآزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں برسلز میں احتجاجی مظاہرہ 28 اکتوبر کو دن ڈیڑھ بجے ہوگا۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ ہم بھارتی مظالم کے خلاف برسلز میں 28 اکتوبر کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم کشمیری ہرسال ستائیس اکتوبر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ کشمیرکونسل ای یو بھی ہرسال اس دن کو برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کرتی ہے۔ علی رضا سید نے بتایا کہ ہم نے کشمیرکاز کی خاطر اور صدر ریاست کے احترام میں برسلز میں ستائیس اکتوبر کے احتجاجی پروگرام کو منسوخ کیا ہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے یورپ میں مقیم کشمیریوں اور انکے ہمدردوں سے اپیل کی ہے کہ بھارتی سفارتخانے کے باہر اٹھائیس اکتوبر کے مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔ علی رضا سید نے عالمی برادری خصوصاً یورپی یونین اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔