الٹی گنتی شروع‘ تبدیلی سرکار کا گھر جانا ٹھہر گیا‘ صادق عمرانی

October 27, 2021

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی بساط پر تاش کے باون پتے سجانے والوں نے انصاف کارڈ، احساس کارڈ کے بعد فیول کارڈ کے اجرا سے قوم کے ساتھ مذاق کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ سلطنت عمرانیہ باقی ماندہ پونے دو برس میں باون کارڈ پورے کرلے گی۔ کشکول توڑ ڈالنے والوں نے ازخود آئی ایم ایف کے شکنجے میں گردن کس لی، اب ڈومور کے مطالبے پر تبدیلی سرکار کے ماتھے پر شکن مزید گہری ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور اسٹیل مل آئی ایم ایف کے اگلے اہداف میں شامل ہیں۔ بجلی، پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ اسے راضی کرنے میں ناکام رہا۔ عالمی مالیاتی ادارے کی مانگ میں ایک تسلسل سے اضافہ اور ڈالر کی اڑان تبدیلی سرکار کی ناقص سوچ کو تبدیل نہیں کر پائی کہ وہ نئے پاکستان کا نعرہ لگوا کر پرانا پاکستان بھی چھین لینا چاہتے ہیں۔ صادق عمرانی نے کہا کہ گنتی الٹی شروع ہوچکی ہے تبدیلی سرکار کا گھر جانا اس کا مقدر ٹھہرا دیا گیا ہے۔ یہ جاری آشیر باد حاصل کرنے کے سلسلے پرانے ہوچکے ہیں۔ 22کروڑ عوام کی جیبوں پر چھید لگانے والے زیادہ دیر عوامی عتاب سے بچ نہیں پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار تمام تر حدیں پھلانگ کر بہت آگے نکل چکی ہے اس کی بے مثال کارکردگی ایک اور کئے جانے والے لاحاصل تجربے کی ناکامی ثابت ہوچکی ہے۔ اس کا مزید قوم پر مسلط کئے رکھنا کسی طرح ملکی و قومی مفاد میں نہیں بلکہ ان کا جس قدر ممکن ہو چلے جانا پرانے پاکستان کے حق میں بہتر ہوگا۔