کے ایم یو اور پیکو کے درمیان مفاہمت کی یادداشت طے پا گئی

October 27, 2021

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کمیونٹی آپتھلمالوجی (پیکو) حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے درمیان وژن سائنسز کے مختلف پروگراموں میں علم و تحقیق کے حوالے سے مشترکہ تعاون کے لئے مفاہمتی یاداشت طے پا گئی جس پر کے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اور پیکو کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ثناء اللہ جان نے دستخط کئے، اس موقع پر کے ایم یو کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم گنڈا پور، ڈائریکٹر آئی پی ایچ ڈاکٹر صائمہ آفاق اور پیکو کے ڈپٹی ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر صدیق اللہ بھی موجود تھے۔ایم او یو کے تحت کے ایم یو اورپیکو انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کے مختلف پروگراموں میں انسانی وسائل کی تعلیم وتربیت کے لئے مشترکہ اقدامات اٹھائیں گے جن میں ایم پی ایچ ان کمیونٹی آپتھلمالوجی، ایم پی ایچ جنرل اور بی ایس وژن سائنسز کے پروگرامات شامل ہیں۔ کے ایم یواور پیکو تمام منظور شدہ طلبہ کی ٹیوشن فیس کا50فیصد حصہ وصول کریں گے، پیکو کلینکل ٹریننگ کا انتظام کرنے کا ذمہ دار ہوگا جب کہ داخلہ کا عمل،ٹائم ٹیبل کا انتظام، کلینکل روٹیشن اور امتحان کا انعقاد کے ایم یو کی ذمہ داری ہوگی،پیکو طلبہ کوجدید کلاس رومز، کمپیوٹر لیب، لائبریری اور سکل لیب سمیت انفراسٹرکچر کی سہولیات فراہم کرے گا، کے ایم یو،پیکو فیکلٹی کو پی ایچ ڈی اسکالرشپ فراہم کر کے تمام کورسز کے لئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ادارے کی مستقبل کی ترقی کے تقاضوں کو پورا کرنے میں مدد کرے گی۔ ایم او یو کا مقصد آنکھوں کی جامع دیکھ بھال کے لئے انسانی وسائل کی ترقی کے ذریعے نابینا پن اور بصارت کی کمزوری کے پھیلاؤ کو کم کرنا اور نابینا پن، بینائی کی کمزوری اور آنکھوں کی دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے، نابینا پن اور بینائی کی کمزوری، اس کے سماجی اور معاشی اثرات، آنکھوں کی دیکھ بھال کی خدمات حاصل کرنے میں درپیش مشکلات کے عوامل اور رکائوٹوں کی نشاندہی کر کے پسماندہ علاقوں میں آنکھوں کی دیکھ بھال کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا ئے گا۔