شعیب اختر نے توہین آمیز رویے کو بہترین انداز میں سنبھالا، عدنان صدیقی

October 27, 2021

سینئر اداکار عدنان صدیقی کا سرکاری ٹی وی چینل پر شعیب اختر کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر کہنا ہے کہ شعیب اختر نے توہین آمیز رویے کو بہترین انداز میں سنبھالا۔

عدنان صدیقی نے لکھا کہ لائیو شو میں شعیب اختر کی جانب سے دکھائے جانے والے رویے نے مجھے متاثر کردیا ہے۔

اداکار نے لکھا کہ ’اس نے اپنے اوپر لگنے والی توہین کو بڑی پختگی اور صبر سے سنبھالا، کوئی اور ہوتا تو آن ایئر اپنے جذبات کھو بیٹھتا لیکن اس بندے نے اپنا وقار برقرار رکھا جو بلاشبہ اچھی پرورش کی نشانی ہے۔‘

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ اسپورٹس پروگرام میں نعمان نیاز کی جانب سے شعیب اختر کے ساتھ ایسے رویے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اگر نعمان نیاز کو شعیب اختر کی رائے سے اتفاق نہیں ہے تو انہیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ مہمانوں کی تذلیل کریں۔