سمیر واکھنڈے دینِ اسلام کی پیروی کرتے ہیں: سابقہ اہلیہ کے والد کا دعویٰ

October 28, 2021

بھارتی اداراے اینٹی نارکوٹکس بیورو ’ این سی بی‘ کے نمائندے، شاہ رُخ خان کے بیٹے آریان خان کے منشیات کیس کی قیادت کرنے والے سمیر واکھنڈے کی سابقہ اہلیہ کے والد ڈاکٹر زید قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ سمیر واکھنڈے دینِ اسلام کی پیروی کرتے ہیں اور نماز بھی پڑھتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی بی افسر سمیر واکھنڈے کی سابقہ اہلیہ ڈاکٹر شبانہ قریشی کے والد ڈاکٹر زید قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایک باعمل مسلمان ہیں جو تمام رسومات پر عمل پیرا ہیں۔

ڈاکٹر زید قریشی نے کہا کہ ’میری بیٹی کی شادی ایک مسلمان گھرانے میں ہوئی تھی، یہ ایک ارینج میرج تھی جبکہ میں اپنی بیٹی کی شادی سے تین سال پہلے سےداؤد واکھنڈے اور اُن کی بیوی کو جانتا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ہم نے اپنی لڑکی کی شادی ایک مسلم خاندان میں کی، اگر وہ ہندو ہوتے تو ہم کیوں وہاں اپنی بیٹی کی شادی کرتے۔‘

ڈاکٹر زید قریشی نے کہا کہ ’3 سال کی بات چیت کے بعد ہم نے مسلم رسومات کے مطابق منگنی کی اور شادی منگنی کے 10 ماہ بعد ہوئی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’سمیر واکھنڈے کی والدہ متقی مسلمان خاتون تھیں جو تمام مذہبی رسومات ادا کرتی تھیں جبکہ سمیر بھی تمام مسلم رسومات کی پیروی کرتے ہیں اور نماز پڑھتے ہیں، یہاں تک کہ رمضان کے دوران روزہ بھی رکھتے ہیں۔‘

ڈاکٹر زید قریشی نے کہا کہ ’سمیر کی والدہ کے انتقال کے بعد حالات بدل گئے۔‘

اپنی گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ’وہ اپنی بیٹی کی علیحدگی کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں کریں گے۔‘

واضح رہے کہ بھارتی وزیر نواب ملک کی جانب سے گزشتہ روز سمیر واکھنڈے کا نکاح نامہ اور شادی کی تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تھی۔