شہید عبدالواحد رئیسانی کے قتل میں نامزد ملزم کو گرفتار کیا جائے، والد

November 25, 2021

کوئٹہ (این این آئی )شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قتل کیس میں مفرور ملزم سات ماہ بعد بھی گرفتار نہ ہوسکا حکومت اور پولیس کے اعلیٰ حکام کے دعوے دھرے رہ گئے۔ شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے والدڈاکٹر عبدالغفار رئیسانی نے بتایا کہ ان کے بیٹے مقامی روزنامہ کے رپورٹر و سب ایڈیٹر عبدالواحد رئیسانی شہید کو چوبیس اپریل 2021کو گیارہویں رمضان المبارک کی شب گھر سے دفتر جاتے ہوئے قمبرانی روڈ پر فائرنگ کرکے شہید کیا گیا واقعہ کی تحقیقات کے بعد پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں سے ایک ملزمہ چار ماہ بعد بعد از گرفتاری ضمانت پر رہا ہوگئی،جو پولیس کی جانبدارانہ تحقیقات کا نتیجہ ہے،تاہم پولیس کی جانب سے مرکزی ملزم تاحال گرفتار نہ ہوسکا۔انہوں نے کہاکہ واقعے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی گئی جس کی تحقیقات کا نتیجہ یہ نکلا کہ چار ماہ بعد ہی ملزمہ ضمانت پر رہا ہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایک مرتبہ پھر آئی جی پولیس بلوچستان اور ڈی آئی جی کوئٹہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے کئے وعدوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے مفرور ملزم کی فوری گرفتاری کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔