• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلجیت دوسانجھ کا خوفزدہ ہونے سے انکار، شاندار اسٹیج پرفارمنس دی، مداحوں کا شکریہ ادا کیا

بھارتی اسٹار گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے بم کی دھمکیوں کے باوجود اسٹیج پرفارمنس دی اور ہزاروں مداحوں کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

جمعے کے روز ممبئی کے مہالکشمی ریس کورس میں دلجیت دوسانجھ نے بم کی دھمکیوں کے باوجود شاندار پرفارمنس دی۔

انہوں نے اسٹیج سے گفتگو میں خوفزدہ ہونے سے صاف انکار کیا اور سیکیورٹی خدشات کو بالائے طاق رکھ کر آنے والے ہزاروں مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

دلجیت نے نفرت کے جواب میں محبت کا پیغام دیا، ماضی اور حال میں اپنے گانوں پر عائد پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے پابندی شدہ گانے گائے اور اپنی موسیقی کو اپنی دیہی مٹی سے جوڑتے ہوئے راحت اندوری کا شعر ’شہروں میں تو بارودوں کا موسم ہے گاؤں چلو، یہ امرودوں کا موسم ہے‘ پڑھا۔

اس تقریب میں اداکارہ ثانیہ ملہوترا نے سرپرائز پرفارمنس دی جبکہ کرشمہ کپور اور دیشا پٹانی سمیت متعدد شوبز شخصیات نے شرکت کی، شو کے اختتام پر میں ہوں پنجاب کا نعرہ لگایا اور شاندار آتش بازی کی گئی۔

کنسرٹ کے دوران ممبئی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جس پر گلوکار نے پولیس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

دلجیت دوسانجھ نے کنسرٹ سے قبل ملنے والی بم کی دھمکیوں کے باوجود اپنا شو منسوخ نہیں کیا اور کہا کہ جب مداح نہیں ڈرتے تو وہ بھی خوفزدہ نہیں ہوسکتے ہیں۔

پنڈال میں ممبئی پولیس کے 500 سے زائد اہلکار اور بم ڈسپوزل اسکواڈ تعینات تھے، گلوکار و اداکار نےسخت چیکنگ کے باعث باہر کھڑے مداحوں کی مشکلات کا احساس کیا اور ممبئی پولیس کی کاوشوں کی تعریف کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید