بھارت، دلہن نے 75 لاکھ روپے جہیز کی اپنی رقم کہاں عطیہ کی؟

November 26, 2021

بھارت میں دلہن نے اپنے جہیز کے لیے مختص 75 لاکھبھارتی روپے کی رقم لڑکیوں کےہاسٹل کی تعمیر کے لیے عطیہ کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کی دلہن نے لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کی کوشش میں اپنے والد سے درخواست کی کہ اس کے جہیز کے لیے مختص رقم کو لڑکیوں کے ہاسٹل کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جائے۔

بھارتی میڈیا نے بتایا کہ انجلی نامی دلہن نے شادی سے پہلے اپنے والد سے رابطہ کیا اور ان سے کہا کہ اس کے جہیز کے لیے جو رقم رکھی گئی ہے اس سے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ہاسٹل تعمیر کیا جائے۔

بیٹی کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے اُس کے والد نے لڑکیوں کے ہاسٹل کی تعمیر کے لیے بھارتی 75 لاکھ روپے (یعنی ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے ) کا عطیہ دیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دُلہن کے والد نے پہلے ہی لڑکیوں کے ہاسٹل کی تعمیر کے لیے بھارتی 1 کروڑ روپے کی رقم کا اعلان کیا تھا لیکن تعمیر مکمل کرنے کے لیے بھارتی 50 سے 75 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز کی ضرورت تھی اور یہ رقم ان کی بیٹی کی بدولت دستیاب ہوئی۔

واضح رہے کہ کشور سنگھ کانود کی بیٹی انجلی کنور نے 21 نومبر کو پروین سنگھ سے شادی کی تھی۔