• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری نگر: شادی کے دوران دُلہن پاک بھارت میچ دیکھتی رہی

سری نگر میں عروسی لباس میں ملبوس دُلہن نے اپنی شادی کی تقریب کے دوران موبائل فون پر دُنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت میچ دیکھ لیا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک انوکھی تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں سُرخ رنگ کے عروسی لباس میں ملبوس دُلہن ہاتھ میں موبائل فون تھامے بیٹھی ہے۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موبائل فون کی اسکرین پر پاکستان اور بھارت کا میچ چل رہا ہے جسے دُلہن اپنی شادی کی تقریب کے دوران دیکھ رہی ہے۔

ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ’یہ گزشتہ روز کی سری نگر سے سب سے منفرد تصویر ہے جس میں شادی کے دوران دلہن نے موبائل پر پاک بھارت میچ دیکھا۔‘

پاکستان کی فتح اور بھارت کی شکست کے بعد دُلہن کی خوشی دگنی ہوگئی، پہلی خوشی شادی کی اور دوسری پاکستان کی جیت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان بابراعظم کے بلے نے بھی رنز اگلے اور انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب بہترین بولنگ پرفارمنس پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

خاص رپورٹ سے مزید