13 سالہ ’ماسٹر شیف‘ کے انٹرنیٹ پر چرچے

November 26, 2021


بھارت کے ایک 13 سالہ بچے کی لذیذ کھانا بنانے کی مہارت پر اس کے انٹرنیٹ پر چرچے ہو رہے ہیں۔

سوشل میڈیا منفی مواد کے ساتھ بہت سی اچھی اور سبق آموز کہانیاں بھی دکھاتا ہے۔

ایسی ہی ایک کہانی بھارتی ریاست ہریانہ میں ایک 13 سالہ بچے دیپیش کی ہے، جوکہ چھوٹی سی عمر میں لذیذ کھانا بنانے کا ماہر ہے۔

ویڈیو شیئرنگ ایپ یوٹیوب پر دیپیش کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں اسے اضافی مرچوں کا تڑکا لگا کر ’چلی پٹاٹوز‘ بناتے دیکھا جاسکتاہے۔

یہ ویڈیو ایک فوڈ بلاگر وشال نے اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی ہے، ویڈیو کا آغاز دیپیش کے تعارف سے ہوتا ہے۔

اس ویڈیو میں حیران کن بات یہ ہے کہ بلاگر نےویڈیو بناتے ہوئےجتنے بھی سوال دیپیش سے پوچھے اس نے ان کے جواب ’چلی پٹاٹوز‘ بناتے ہوئے دیے اور ایک منٹ کے لیے بھی وہ اپنے کام کے دوران سوال پوچھے جانے پر پریشان نہیں ہوا اور نہ ہی اپنی توجہ اپنے کام سے ہٹائی۔

دیپیش کا کہنا ہے کہ وہ یہ’چلی پٹاٹوز‘ بناکر گلی میں فروخت کرتا ہےاور اس کام سے اپنے خاندان کے اخراجات پورے کرنے میں مدد کرتا ہے۔

تاہم، وہ اسکول بھی جاتا ہے اور اپنی تعلیم کو بھی اس کام کے ساتھ بر قرار رکھے ہوئے ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دیپیش کے ہاتھ کے بنے ہوئے یہ’چلی پٹاٹوز‘ بہت لذیذ ہوتے ہیں۔

بلاگر وشال کے یوٹیوب چینل سےوائرل ہونے والی اس ویڈیو کو اب تک 5 ملین سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔