اوورسیز کو ووٹ کا حق پہلے سے حاصل تھا،جمعیت علما برطانیہ

November 27, 2021

ہڈرزفیلڈ( پ ر) اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق پہلے سے ہی حاصل تھا جب بھی کسی الیکشن میں اوورسیز پاکستانی وطن عزیز جاتے ہیں تو وہ اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہیں ،اوورسیز میں آباد پاکستانیوں کو ووٹ کے نام پر تقسیم نہ کیا جائے ۔ان خیالات کااظہار جمیعت علمائے برطانیہ کے سرپرست اعلیٰ مولانا عبدالرشید ربانی،یوکے اسلامک مشن کے سابق صدر مولانا شفیق الرحمن صابر ،محمد شاہین ،سابق سیکرٹری جنرل یوکے اسلامک مشن ،جمیعت علمائے برطانیہ کے امیر مولانا سید اسد میاں شیرازی،سیکرٹری جنرل مولانا محمد اکرم اوکاڑوی،سیکرٹری نشرواشاعت مولانا عبدالرشید ،مرکزی جمعیت علمائے برطانیہ کے جنرل سیکرٹری مولانا امداد الحسن نعمانی،سیکرٹری اطلاعات قاری محمد عباس اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کیا،ان شخصیات نے کہا کہ ان کی شناخت پاکستان میں موجود کسی سیاسی جماعت کی بجائے پاکستان کے نام پر رہنے دی جائے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ہمارا مشورہ ہے کہ ووٹ کا حق ملنے پر خوشی کے شادیانے بالکل نہ بجائیں بلکہ اوورسیز پاکستانی جن ممالک میں مقیم ہیں وہاں کی عملی سیاست میں دلچسپی اور حصہ لیں۔