چٹاگانگ، بنگلہ دیشی بیٹرز زلزلہ اور پاکستان کے وار سہہ گئے، لٹن داس کی پہلی ٹیسٹ سنچری

November 27, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چٹاگانگ ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلہ دیش کے مڈل آرڈر بیٹسمین لٹن داس اور مشفق الرحیم نے زلزلے کے بعد پاکستانی بولرز کے حملے سہہ لیے، مشکل حالات میں ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لئے204رنز کی مضبوط ناقابل شکت شراکت سے اپنی ٹیم کو مسائل سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا، دونوں کھلاڑیوں نے پاکستانی بولرز کو پورے دن تھکائے رکھا اور اپنی ٹیم کولڑ کھڑا کر سنبھال لیا۔ پہلے دن کا ابتدائی سیشن پاکستانی بولرز کے نام رہا۔ تاہم بعد میں کنڈیشنز بہتر ہونے پر بیٹرز چھاگئے اور مزید کوئی وکٹ نہیں گری ۔ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل 5 اوورز پہلے ہی ختم کر دیا گیاپہلے ۔روز جمعے کو 90 اوورز مکمل نہ ہونے کی وجہ سے میچ کے دوسرےدن ہفتے کو میچ مقررہ وقت سے 11 منٹ قبل شروع ہوگا، کھیل ختم ہوا تو لٹن داس 113اور مشفیق الرحیم 82رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور بنگلا دیش نے 4 وکٹوں پر 253 رنز بنا لیے ہیں۔یہ لٹن داس کی پہلی سنچری ہے۔ بنگلادیش کے کپتان مومن الحق نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلا دیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا ابتدائی چار بیٹسمین 49 رنز پر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد مشفق الرحیم اور لٹن داش نے شاندار شراکت داری قائم کی جو دن کے اختتام تک جاری رہی۔ بنگلا دیش کی جانب سے شادمان اسلام اور سیف حسن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپنرز 33 رنز پر پویلین لوٹ گئے اور دونوں نے 14، 14رنز بنائے۔بنگلا دیش کے کپتان مومن الحق بھی 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ نجم الحسن شنٹو نے 14 رنز بنائے۔ ایک موقع پر صرف 49 رنز پر بنگلا دیش کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے تو اس موقع پر مشفیق الرحیم اور لٹن داس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ شاہین آفریدی نے50 رنز دے کر ایک حسن علی اور فہیم اشرف نے38،38 جبکہ ساجد خان نے68رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بنگلا دیش کی جانب سے یاسر علی جبکہ پاکستان کیلئے 22 سالہ عبداللہ شفیق نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ عبداللہ شفیق کو کپتان بابر اعظم نےگرین کیپ دی۔