سعودی عرب کے لئے براہ راست پرواز یکم دسمبر کو روانہ ہوگی

November 27, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت مزید چھ ممالک کے مسافروں کو براہ راست مملکت آنے کی اجازت کے اعلان کے بعد پاکستان سے پہلی پرواز یکم دسمبر کو دن دو بجے روانہ ہوگی۔ اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کے مطابق سعودی عرب جانے والے پاکستانی مسافروں کو اس فیصلے سے بہت سی آسانیاں حاصل ہو جائیں گی۔ یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سمیت چھ مزید ممالک سے آنے والے مسافروں کو یکم دسمبر 2021 بروز بدھ سے براہ راست مملکت آنے کی اجازت ہوگی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ مذکورہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو پانچ دن قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے۔