کورونا، پاکستان سمیت 9 ممالک کی ٹیمیں زمبابوے میں پھنس گئیں، ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر منسوخ

November 28, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نئی کورونا قسم کے پھیلاؤ کے پیش نظر زمبابوے میں جاری آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر منسوخ کردیا گیاہے۔ٹورنامنٹ زمبابوے سمیت جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے باعث ختم کیا ‏گیا ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفکیشن اب رینکنگ کی بنیاد پر ہو گی، پاکستان، بنگلہ دیش اورویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کھیلیں گے۔پاکستان خواتین نے ہفتے کو زمبابوے کو114رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان نےچھ وکٹ پر195رنز بنائے۔جواب میں زمبابوے کی ٹیم81رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔پاکستانی کپتان جویریہ خان اور عالیہ ریاض نے48,48رنز بنائے۔انعم ا مین نے9اورسعدیہ اقبال نے چار رنز دے کر تین تین وکٹ حاصل کئے۔آئی سی سی ہیڈ آف ایونٹس کے مطابق کورونا کے باعث سفری پابندیوں کے پیش نظر ٹورنامنٹ منسوخ کیا گیا۔ان کا کہنا تھاکہ ٹورنامنٹ منسوخ کرنے پرمایوسی ہے، زمبابوے سے جتنا جلد ممکن ہو سکا نکل جائیں گے۔واضح رہے کہ کورونا کی نئی قسم ’اومی کرون‘ کے پھیلاؤ کے خدشے پیش نظر خلیجی ائیرلائن نے زمبابوے کی فلائٹس معطل کردیں جس کے باعث پاکستان سمیت 9 ملکوں کی خواتین ٹیمیں زمبابوے میں پھنس گئیں۔پاکستان سمیت 9 ممالک کی ویمنز ٹیمیں زمبابوے میں موجود ہیں، آئی سی سی ٹیموں کو جلد از جلد زمبابوے سے باہر ‏نکالنے کے لیے کام کررہی ہے۔ہالینڈ کی کرکٹ ٹیم اس وقت جنو افر یقا میں ہے۔دونوں ملکوں کو دوسرا اور تیسرا ون ڈے ختم کردیا گیا ہے اور ہالینڈ کو جلد وطن واپس بھیجنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔پہلا ون ڈے بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا۔کرکٹ جنوبی افریقا کا کہنا ہے کہ ا مریکا اور یورپی ممالک کی جانب سے جنوبی افریقاکےلیے فلائٹ آپریشنزکی بندش کی وجہ سے مہمان ٹیم میں تشویش پائی جاتی تھی مہمان کھلاڑی سخت ذہنی اذیت کا شکارہیں۔