افغان مسئلے سے فوری نمٹنا ہوگا، پاکستان کو بعض ممالک کی دہشت گردی کا سامنا ہے، چوہدری محمد سرور

November 28, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اسکاٹش پارلیمنٹ کی ا سپیکر ایلی سن جان سٹون کی خصوصی دعوت پر پارلیمنٹ کا دورہ کیا جہاںانہوں نے اسکاٹش حکومت کی سربراہ نکولاا سٹرجن، ہیلتھ سیکرٹری حمزہ یوسف اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے سینئر رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کو افغانستان اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔چوہدری محمدسرور نے بتایا کہ افغانستان کی صورتحال اس وقت خطے کا نہایت نازک اور سلگتا ہوا مسئلہ ہے، جس سے اگر فوری طور پر مناسب طریقے سے نہ نمٹا گیا تو یہ پوری دنیا کے امن کے لئے ایک بڑا خطرہ بن سکتا ہے وہاں پر ایک انسانی بحران ہے، غربت اور بے روزگاری دہشت گردی کو جنم دے گی۔انہوں نے کہا کہ انسانی بحران کو حل کرنے کے لئے دنیا افغانستان کو مشروط نہیں بلکہ غیر مشروط امداد دے اسے تنہا چھوڑنا ایک خطرناک عمل ہوگا اور ماضی میں اس کا تجربہ ہو چکا ہے، پاکستان اس سلسلہ میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے لیکن وہ اکیلا اس مسئلے کو حل نہیں کر سکتا اس کے لئے پوری دنیا کے تعاون کی ضرورت ہے۔ افغانستان کی صورتحال اگر خراب ہوئی تو اس کو وہاں سے مہاجرین کے ایک نئے سیلاب کا خطرہ ہے۔ چوہدری محمد سرور نے مزید بتایا کہ پاکستان کو بعض ممالک کی طرف سے دہشت گردی کا سامنا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں میں فرنٹ لائن ملک کا کردار ادا کیا ہے اور بے شمار جانوں کی قربانیاں دی ہے۔ انہوں نے پاکستان،برطانیہ اور سکاٹ لینڈ کے ساتھ تعلیم، ٹیکنالوجی، صحت اور دیگر کئی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔ اس موقع پرا سکاٹش فرسٹ منسٹر نکولااسٹرجن نے اپنی حکومت کی طرف سے صحت، تعلیم اور دیگر کئی شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چوہدری محمد سرور نے نکولااسٹرجن کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی جس پر انہوں نے بڑی خوشی اور دلچسپی کا اظہار کیا۔ چوہدری محمد سرور نے تمام ملاقاتیوں کو بتایا کہ پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے زندگی کے مختلف شعبوں میں بڑی اصلاحات کی ہیں۔ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے اور اقلیتوں کی حفاظت کے لحاظ سے یہ دنیا کا بہترین ملک ہے۔ حال ہی میں سکھوں کے مذہبی مقامات کرتارپور کی نئے سرے سے توسیع اور تزین و آرائش کی گئی ہے، جس کو وہ بہت زیادہ سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لحاظ سے بھی ایک بہترین ملک ہے جہاں دنیا کے بہترین شاندار پہاڑی سلسلے ہیں اور وہاں تک جانے کے لئے نیا انفراسٹرکچر بنایا جا رہا ہے۔ ہم پاکستان میں مذہبی سیاحت کو بھی فروغ دے رہے ہیں ۔ا سکاٹش پارلیمنٹ کی سپیکر ایلی سن جان سٹون نے چوہدری محمد سرور کو لنچ پر بھی مدعو کیا۔ بعدازاں جب پارلیمنٹ میں سوالوں کے وقت میں چوہدری محمد سرور گیلری میں پہنچے توا سپیکر نے تمام ارکان کو ان کی آمد سے آگاہ کیا، جس پر انہوں نے تالیاں بجا کر اپنے معزز مہمان کی پذیرائی کی۔ اسکاٹش فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجن اور سپیکر نے چوہدری محمد سرور کے ساتھ تحائف کا بھی تبادلہ کیا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مہمانوں کی کتاب میں بھی اپنے تاثرات لکھے۔