لوئر سندھ کی شوگر ملوں کو گنے کی عدم دستیابی کا مسئلہ درپیش

November 28, 2021

اسلام آباد (حنیف خالد) لوئر سندھ کی شوگر ملوں کو گنے کی قلت کا سامنا شروع ہو گیا ہے۔ حیدرآباد‘ سجاول‘ ماتلی‘ میرپور خاص‘ بدین‘ تھرپارکر کے علاقے میں پانی کی کم فراہمی کے نتیجے میں مسلسل تیسرے سال سے شوگر ملوں کو دوسرے علاقوں سے گنا دو سو ستر روپے فی چالیس کلو گرام تک خریدنے کی نوبت آن پہنچی ہے جبکہ اپر سندھ کے گھوٹکی‘ خیرپور‘ سکھر‘ نوابشاہ‘ ڈھرکی‘ رانی پور کے بالائی سندھ کے اضلاع میں شوگر ملوں کو گنا مناسب مقدار میں ملنے لگا ہے کیونکہ جنوبی پنجاب میں گنے کی وافر پیداوار ہے‘ اور وہاں پر مڈل مینوں نے ڈیرے لگا رکھے ہیں۔ مڈل مین کسانوں سے سرکاری قیمت 225روپے من کی بجائے دو سو اور دو سو پندرہ روپے نقد ادائیگی پر ہزاروں ٹن گنا خرید رہے ہیں جس کے نتیجے میں جنوبی پنجاب کی شوگر ملوں جن میں رحیم یار خان‘ بہاولپور‘ بہاولنگر‘ مظفر گڑھ‘ ملتان‘ لیہ‘ فیصل آباد‘ چنیوٹ کی شوگر ملیں مڈل مینوں کے ایکشن کی وجہ سے 225روپے سرکاری قیمت والا گنا 245سے 255روپے فی چالیس کلو گرام گنا خرید کر شوگر ملیں چلا رہے ہیں۔