مالدیپ نے 7 افریقی ملکوں کے مسافروں پر پابندی لگادی

November 28, 2021

عالمی وباء کورونا وائرس کی اومی کرون قسم کےباعث مالدیپ نے7 افریقی ملکوں کے مسافروں پر پابندی لگادی۔

مالدیپ کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ اومی کرون کے خدشات پر آج سے 7 افریقی ملکوں سے آنے والوں پر پابندی لگارہے ہیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ جنوبی افریقا، بوٹسوانا، زمبابوے سمیت 7 ممالک کے مسافروں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 دنوں میں7 افریقی ملکوں سے آنے والوں کو 14 دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے جنوبی افریقا سے سامنے آنے والی نئی قسم کو ’اومی کرون‘ کا نام دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق پریشانی کی بات یہ ہے کہ نئی قسم میں مجموعی طور پر 50 جینیاتی تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں جبکہ اس کی نسبت کچھ عرصہ قبل دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والی کورونا کی ڈیلٹا قسم میں صرف 2 جینیاتی تبدیلیاں پائی گئی تھیں۔

برطانوی طبی ماہرین کے مطابق بھی کورونا کی یہ قسم اب تک سامنے آنے والی تمام اقسام میں سب سے زیادہ خطرناک ہے۔

رپورٹس کے مطابق خطرناک وائرس کےکیسز کی جنوبی افریقا، یورپ اور اسرائیل میں تصدیق ہوچکی ہے۔ وائرس کا مزید پھیلاؤ روکنےکے لیے عالمی سطح پر ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

برطانیہ، امریکا، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز، آسٹریا اور یورپی یونین نے افریقی ممالک پر سفری پابندیاں لگادیں جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش نے بھی سفری پابندیاں عائد کر دیں۔