جنگ گروپ کے اشتراک سے انٹرنیشنل پراپرٹی نمائش اختتام پذیر

November 29, 2021

اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ہائوسنگ اینڈ کنسٹرکشن نمائش میں تیسرے روز بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور پراپرٹی میں سرمایہ کاری سے متعلق معلومات حاصل کیں ، انٹرنیشنل پراپرٹی نمائش جنگ میڈیا گروپ کے اشتراک سے منعقد کی گئی جو اتوار کو اختتام پذیر ہوگئی ، تیسرے روز سویٹ ہومز کے چیئرمین زمرد خان ، سابق ایم اینے انجم عقیل ، کاروباری شخصیات اور سفارتی نمائندوں نے بھی دورہ کیا اور مختلف سٹالز پر گئے ، نمائش میں رئیل سٹیٹ ، تعمیرات اور دیگر شعبوں کے 60سے زائدملکی و غیر ملکی کمپنیوں نےسٹال لگائے، پاک ورلڈ ٹریڈ اینڈ ایکسپو سنٹر کے سی ای او خورشید برلاس نے کہا کہ نمائش کا مقصد ڈویلپرز ، بلڈرزاور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عالمی تجربات سے آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ رئیل سٹیٹ میں سرمایہ کاری کریں ، ، مختلف ہائوسنگ سوسائیٹوں اور رئیل سٹیٹ پروجیکٹس میں سرمایہ کاری میں راغب کرنے کیلئے کمپنیوں کے سیلز پرسنز مستعدی سے مارکٹنگ کررہے تھے اور ملک بھر میں مختلف ہائوسنگ سوسائیٹوں اور مالز میں پلاٹ ، اپاٹمنٹس ، فلیٹس ، بنگلے، لگثری اپارٹمنٹس اور کمرشل پلازوں میں رعایت کیساتھ سرمایہ کاری سے متعلق معلومات دیں، سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کی ، پراپرٹی سے وابستہ افراد اور شہریوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائش ضرور منعقد ہونی چاہئے کیونکہ ایک چھت تلے بہت سی معلومات حاصل ہو جاتی ہیں تاہم شہریوں نے کہا رئیل سٹیٹ کمپنیوں کیساتھ ساتھ سرکاری ریگولیٹر اداروں سی ڈی اے، آر ڈی اے اور دیگر متعلقہ انتظامی اداروں کے سٹالزبھی ہونے چاہئیں ، راجا شوکت علی نے کہا کہ عوام پراپرٹی کی نمائش میں سٹال لگانے والوں پر اعتماد کرتےہیں اسلئےپراپرٹی میں محفوظ سرمایہ کاری کیلئے ضروری ہےکہ ایسی کمپنیوں کو ہی سٹال لگانے کی اجازت ہو جس کے پاس ریگولیٹر اداروں کے این او سی ہوں اور جن کے لے آئوٹ پلان منظور شدہ ہوں ، نمائش میں لاہور سے شرکت کرنیوالے خواجہ سٹیٹ اینڈ بلڈرز کے صدر اور معروف تاجر خواجہ عبدالغفور نے کہا کہ رئیل سٹیٹ سے متعلق نمائش کے انعقاد سے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگااور تعمیراتی سرگرمیاں بڑھیں گی ،لوگوں نے نمائش میں جس دلچسپی کا اظہار کیا ہے اس سے اندازہ ہوتا ہےکہ رئیل سٹیٹ کتنی اہمیت کا حامل ہےاور حکومت کو بھی اس پر زیادہ سے زیادہ توجہ اور مراعات دینی چاہئے تاکہ لوگوں کو سستی چھت میسر آسکے،نمائش میں جیمز اینڈ جیولری ، مختلف روائتی دستکاری کی اشیاء کے سٹالز بھی لگائے گئے ، نمائش کےا ختتام پر میوزک شو کا بھی انعقاد کیا گیا ۔