جماعت اسلامی کا سندھ بلدیاتی ترمیمی بل پر وزیراعلیٰ کو قانونی نوٹس

November 30, 2021

جماعت اسلامی نے سندھ بلدیاتی ترمیمی بل پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔

جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے لیگل نوٹس سندھ میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات مزید کم کرنے کے لیے سندھ حکومت کے بلدیاتی ترمیمی بل 2021 کی منظوری پر صوبے کے چیف ایگزیکٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کو قانونی نوٹس بھجوایا گیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ بل آئین سے متصادم ہے جبکہ اس میں متنازع شقوں کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئین سے متصادم کسی قانون سازی کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

نوٹس کے متن کے مطابق پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے 2012 اور 2013 میں لوکل گورنمنٹ کے بہت سے اداروں کو اپنے ماتحت کرلیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھیجے گئے لیگل نوٹس میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہری حکومت کو بااختیار کیا جائے۔

اس میں کہا گیا کہ اگر سات دن میں نوٹس کے مطابق کارروائی نہ ہوئی تو اعلیٰ عدلیہ کے روبرو قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔