کوئی ادارہ الیکشن کمیشن کے فنڈز روکنے کا مجاز نہیں، کنور دلشاد

November 30, 2021

سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن پاکستان کنور دلشاد نے کہا ہے کہ کوئی بھی ادارہ الیکشن کمیشن کے فنڈز روکنے کا مجاز نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران کنور دلشاد نے کہا کہ فنڈز روکے جانے پر الیکشن کمیشن توہین کا کیس کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فنڈز آرٹیکل 222 کے تحت وزارت خزانہ سے حاصل کرلے گا، کوئی بھی ادارہ الیکشن کمیشن کے فنڈز روکنے کا مجاز نہیں۔

سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ جب آئین نے اختیار دیا ہے تو حکومت فنڈز کیسے روکےگی؟ یہ بات سمجھ میں نہیں آئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنے فنڈز روکے جانے پر توہین کا کیس کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر انتخابات ہونے پر ہی الیکشن کمیشن کو فنڈز ملیں گے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ شفاف الیکشن کے لیے ای وی ایم کا استعمال ضروری ہے، صرف ای وی ایم پر ہونے والے الیکشن کی فنڈنگ ہوسکے گی۔