سپریم کورٹ، KPK میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تبدیل کرنیکی حکومتی درخواست مسترد

December 01, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے صوبہ خیبر پختونخواء میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول میں تبدیلی کیلئے صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی الیکشن جاری شیڈول کے مطابق جماعتی بنیادوں پر ہی منعقد ہونگے۔ عدالت نے صوبائی حکومت کی پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف حکم امتناع کے اجراء اور انتخابی شیڈول تبدیل کرنے کی استدعا مسترد کردی ہے جبکہ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے اپیل پر مزید سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے قرار دیاہے کہ اس عدالتی حکم کا اثر اپیل پر نہیں ہوگا،جسٹس عمر عطا بندیال نے آبزرویشن دی کہ کوشش ہے کہ انتخابی معاملات میں عدالت مداخلت نہ کرے لیکن جہاں شفافیت کا سوال آئیگا تو عدالت مداخلت کریگی۔