چیف ٹریفک آفیسر کا ٹریفک پلان جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

December 01, 2021

پشاور(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے تشکیل کردہ ٹریفک پلان جائزہ لینے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے موٹروے،رنگ روڈ،جی ٹی روڈ اور چارسدہ روڈ پر ٹریفک حکام اور دیگر نفری سے ملاقاتیں کیں اور ڈائیورژن پلان کو چیک کیا جبکہ ٹریفک نظام کا بھی جائزہ لیا اس موقع پر ٹریفک افسران اور اہلکاروں کو شہر میں بلا تعطل ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور شہر میں کسی بھی جگہ رش نہ بننے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات درپیش نہیں آنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بڑی گاڑیوں کا داخلہ آج بند ہے تاکہ ٹریفک کا نظام متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے سے جی ٹی روڈ آنے والی گاڑیاں نادرن بائی پاس سے اتر کر چمکنی موڑ کے ذریعے آسکتے ہیں اور شہر کی طرف جی ٹی روڈ کا استعمال کرسکتے ہیں جبکہ حیات آباد کیلئے رنگ روڈ کا استعمال کرسکتے ہیں. اسی طرح دلہ زاک روڈ سے موٹر وے جانے والی گاڑیاں چارسدہ روڈ یا جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے نادرن بائی پاس کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے سوشل میڈیا کے سائٹس مکمل طور پر فعال ہیں جس سے شہری استفادہ کر سکتے ہیں اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے ایف ایم ریڈیو 88.6پر بھی شہریوں کو ٹریفک کی روانی اور متبادل روٹس بارے آگاہی دی جائیگی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کسی بھی مشکل سے بچنے کیلئے جلسے کے دن غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ رش سے بچنے کے لئے موٹر وے سے چارسدہ روڈ جانے والی گاڑیاں نادرن بائی پاس کا استعمال کریں جبکہ چارسدہ روڈ سے موٹر وے جانے والی گاڑیاں بھی نادرن بائی پاس کا استعمال کریں۔