لاکھوں کے ڈاکے، چوریاں، گاڑی، 16 موٹرسائیکل بھی اڑالئے گئے

December 02, 2021

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی اسلام آبادمیں 35 وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی ،زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علا وہ ایک کار اور 16مو ٹرسائیکل اڑا لیے گئے ، کروڑوں روپے مالیت کے چیک ڈس آنر کے مقدمات بھی درج کر لئے گئے ۔ تھانہ پیرودہائی کے علاقے سے عبدالجبار کی گاڑی سے بیٹری ،نیوٹاؤن کے علاقے میں الطاف کی جیب سے موبائل، عرفان کی دکان سے موبائل، ولید کے کمرے سے موبائل اور لیپ ٹاپ، بابر کے دفتر سے موبائل،ذیشان کے کمرے سے لیپ ٹاپ، صادق آباد کے علاقے میں عبدالصمد کے گھر سے دو لاکھ روپے مالیت کا سونا، موبائل اور کیمرہ ،ظفر کے گھر سے تین موبائل اور نقدی ،کینٹ کے علاقے میں ابتسام کی فیملی کے پرس سے پچاس ہزارروپے ،ویسٹرج کے علاقے میں عاصم کے گھر سے چار موبائل اور تین بائیومیٹرک ڈیوائس،آر اے بازار کے علاقے میں شہروز کی والد ہ اور بیوی کے پر س سے نقدی اور موبائل چوری کرلیاگیا۔ دوسری جانب تھانہ پیرودہائی کے علاقے میں ساجن سے موبائل، تھانہ کینٹ کے علاقے میں فیصل سے موبائل ، سول لائن کے علاقے میں حسیب کی دکان سے تیس ہزارروپے ،صدربیرونی کے علاقے میں علیم خان سے نقدی اور موبائل ،سیف اللہ کی دکان میں داخل ہونے والے دو مسلح ڈاکوؤں نے نقدی چھین لی۔ تھانہ لوہی بھیر کے علا قے پی ڈبلیو ڈی میں سلطان احمدکی بیوی سے دو افراد نے اسلحہ کی نوک پر پرس چھین لیا جس میں نقدی ،زیورات اور موبائل فون موجود تھے ۔ تھانہ آبپارہ کے علا قے جی سکس فور میں امجد حسین کے گھر سے نقدی ،زیورات ،کپڑے پسٹل اور دیگر سامان مالیت 10 لاکھ روپے چوری کر لیے گئے ،تھانہ مارگلہ کے علا قے ایف ایٹ میں نثار مسیح کی کھڑی گا ڑی سے کوریئر کمپنی کے تین تھیلے پارسل مالیت ایک لاکھ روپے چوری کر لیے گئے۔