کلکٹر کسٹمز ڈاکٹر آصف کی خدمات نمایاں رہی ہیں،ضیاء الحق سرحدی

December 02, 2021

پشاور(جنگ نیوز)پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی نے ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی وفاقی ٹیکس محتسب کے عہدے پر تعیناتی کے حکومتی فیصلہ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ان کی تعیناتی سے ٹیکس گزاروں کو ریلیف ملے گا ۔ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر ضیاء الحق سرحدی نے گذشتہ روز وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ سے اسلام آباد میں ان کے آفس میں ملاقات کی اور انہیں وفاقی ٹیکس محتسب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پرضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی چیف کلکٹر کسٹمز کی حیثیت سے خدمات نمایاں رہی ہیں جنہوں نے پاک افغان باہمی تجارت اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے فروغ کیلئے کسٹمز نظام میں اصلاحات متعارف کرائیں اور ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کے مسائل کے فوری حل کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی فلاحی خدمات بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں جس کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ہلال امتیاز اور ستارہ امتیاز کے اعزازات سے نوازا ہے ۔ ضیاء الحق سرحدی نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر آصف محمود جاہ ٹیکس گزاروں کی شکایات کے فوری ازالے اور ریلیف دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر آصف محمود جاہ جیسے ذہین ایماندار اور دیانتدار اعلیٰ آفیسر کی انتھک محنت اور کوششوں کے ذریعے محکمہ کسٹمز پاکستان میں بے شمار اصلاحات لائی گئی ہیں جس کی وجہ سے پاک افغان باہمی تجارت ٹرانزٹ ٹریڈ کو بڑھانے میں کافی معاونت ثابت ہوئی ہیں بلکہ بزنس کمیونٹی کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات کی فراہمی اور مشکلات دور کرنے میں بھی اہم کردار اداکیا ہے۔